وزیراعظم نے ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا، ’پاکستان اسرائیلی وزرا کی جانب سے قابض پولیس کے سائے میں مسجد اقصیٰ پر دھاوے اور ناجائز آباد کاروں کے ساتھ اس میں داخلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ عمل ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے مقدس جذبات کی توہین اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘
اتوار کو اسرائیلی وزیر بن گویر نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دراندازی کی اور مبینہ طور پر تلمودی رسومات ادا کیں، اس دوران اسرائیلی قابض فورسز نے ان کو تحفظ فراہم کیا۔ اس موقع پر کم از کم 1251 غیر قانونی آبادکار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے، جبکہ فلسطینی نمازیوں، صحافیوں اور مسجد کے محافظوں پر حملے کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کے ان ”بے شرمانہ اقدامات“ کو خطے میں کشیدگی بڑھانے کی دانستہ کوشش قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات مشرق وسطیٰ کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مشرقی القدس کو دارالحکومت بنا کر فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت پر زور دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos