فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسرائیلی فوج نے یمن سے آنیوالا ڈرون تباہ کردیا

تل ابیب: اسرائیل نے اتوار کی شام یمن سے فائر کیے گئے ایک ڈرون کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے نتیجے میں جنوبی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ بنی نتسریم میں سائرن بجنے کے بعد فضائیہ نے یمن سے آنیوالا ایک ڈرون مار گرایا۔

فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ”یمن سے داغا گیا ایک میزائل جو اسرائیلی حدود میں داخل ہو چکا تھا، اسے فضا میں کامیابی سے روکا گیا۔“

بیان میں مزید کہا گیا کہ میزائل کو روکنے کے دوران اس کے کچھ ٹکڑے مرکزی اسرائیل کے علاقے مودعین میں گرے، تاہم اس کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اسرائیل کی ایمرجنسی سروس، ماگن ڈیوڈ آدوم، نے بتایا کہ فضائی حملے کے سائرن بجنے کے بعد پناہ گاہوں کی طرف دوڑتے ہوئے کئی افراد زخمی ہوئے یا شدید گھبراہٹ کا شکار ہو گئے۔

چند گھنٹوں بعد اسرائیلی فوج نے یہ بھی اعلان کیا کہ یمن سے آنے والے ایک ڈرون کو بھی اسرائیلی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔

یاد رہے کہ منگل کو بھی اسرائیل نے یمن سے داغے گئے ایک اور میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا تھا۔