قومی ون ڈے سکواڈ کا برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن

قومی ون ڈے اسکواڈ نے ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

پاکستانی اسکواڈ نے کوچز کی زیر نگرانی نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا، جہاں باولرز اور بیٹرز نے کوچز کے دیئے گئے ٹارگٹس کو پورا کیا، یہ ون ڈے سیریز پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کا حصہ ہے۔

نیٹ سیشن سے قبل قومی ون ڈے اسکواڈ نے جسمانی فٹنس اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے فزیکل ڈرلز میں بھی حصہ لیا، جس کے بعد کوچز نے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ پریکٹس بھی کروائی۔

واضع رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جن میں سے پہلا ون ڈے میچ 8 اگست، دوسرا 10 اور تیسرا ون ڈے 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان محمد رضوان سمیت سلمان علی آغا، بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان ، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، صائم ایوب، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، ابرار احمد، محمد حارث اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے سکواڈ میں کپتان شائے ہوپ کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں جیول اینڈریو، جے دیا بلیڈز، کیاسی کارٹی، روسٹن چیز، میتھیو فورڈ، جسٹن گریوز، عامر جانگو، شمار جوزف، برینڈن کنگ، ایون لوئس، گوداکیش موتی، شرفین ردر فورڈ، جیڈن سیلز اور روماریو شیفرڈ شامل ہیں۔