پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کی 6 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد

اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی بنیادوں پر 6 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یو این سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق یہ رقم ہنگامی امدادی فنڈ سے جاری کی گئی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

پاکستان میں گزشتہ دس روز کے دوران بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 400 سے زائد افراد جاں بحق، تقریباً 190 زخمی اور 20 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔

متاثرین کو پناہ گاہوں، طبی امداد، نقد معاونت، حفظانِ صحت کے سامان اور پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے، خصوصاً خواتین اور بچیوں کے تحفظ پر زور دیا جا رہا ہے۔

پاکستانی حکام مقامی شراکت داروں اور اقوام متحدہ کے تعاون سے امدادی سرگرمیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق 26 جون سے جاری مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مجموعی طور پر 798 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔