شاہد آفریدی کا سابق بھارتی جنرل کو کرارا جواب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کے ایک ریٹائرڈ جنرل کی جانب سے پاکستان کے خلاف مبینہ آبی دہشت گردی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے انسانیت دشمن سوچ قرار دیا ہے۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں بھارت کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے کہا تھا کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے پاکستان کی جانب اچانک پانی چھوڑ سکتا ہے، جس سے وہاں سیلابی صورتحال پیدا ہوگی۔ اس ویڈیو کو صحافی حامد میر نے بھی شیئر کیا تھا۔

شاہد آفریدی نے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کا بنیادی ذریعہ ہے اور اسے ہتھیار بنانا ظلم اور غیر انسانی سوچ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا منصوبہ صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے شدید خطرات سے دوچار ہے، اگر ان حقائق کو نظرانداز کیا گیا تو نتائج ناقابلِ تلافی ہوں گے۔

آفریدی نے پاکستانی قیادت پر زور دیا کہ وہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد میں فوری اقدامات کرے۔ ان کے مطابق ڈیموں کی تعمیر، آبی وسائل کا تحفظ اور پانی کا مؤثر انتظام وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، ورنہ مستقبل میں پاکستان کی خوراک اور معیشت کو بڑے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے آنے والی نسلوں کے لیے پانی اور زندگی محفوظ بنائی جاسکتی ہے۔