ایشیا کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر بھارتی بورڈ کی وضاحت

 

نئی دہلی ، ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف شرکت کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مؤقف واضح کردیا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا کے مطابق بورڈ حکومتِ ہند کی پالیسی کا پابند ہے اور اسی کے مطابق فیصلے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ حکومتی پالیسی کے تحت بین الاقوامی اور کثیرالملکی ایونٹس میں قومی ٹیم کی شرکت پر کوئی قدغن نہیں ہے، لہٰذا ایشیا کپ جیسے ٹورنامنٹس میں بھارت تمام میچز کھیلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی صرف دوطرفہ سیریز کے حوالے سے سخت ہے، اس لیے بھارت کسی دشمن ملک کے ساتھ براہِ راست کرکٹ سیریز نہیں کھیلتا۔ تاہم آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے تحت ہونے والے ایونٹس میں حصہ لینا بھارت کے لیے ناگزیر ہے۔

دیوجیت سائیکیا نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی ملٹی نیشنل ایونٹ میں مخصوص ممالک کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا جائے تو عالمی فیڈریشنز پابندیاں عائد کرسکتی ہیں جس سے بھارتی کھلاڑی بھی متاثر ہوں گے۔ ان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ حکومت نے تمام کھیلوں کے لیے یہ واضح پالیسی مرتب کی ہے تاکہ کسی کھلاڑی کو نقصان نہ پہنچے۔