محمد نواز کی ہیٹ ٹرک، پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

 

شارجہ میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی 20 فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 75 رنزکے واضح فرق سے شکست دے دی اور ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنزاسکور کیے۔ ٹاپ آرڈر کے کھلاڑی ناکام ہونے کے باوجود مڈل آرڈر نے ذمہ داری سے کھیل کر ٹیم کو قابلِ دفاع اسکور تک پہنچایا۔

جواب میں افغان ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ محمد نوازنے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغان بیٹنگ لائن کو بکھیر دیا۔ نواز نے یادگار ہیٹ ٹرک سمیت 4 اوورز میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور صرف 19 رنز دے کر میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔

افغانستان کی پوری ٹیم صرف66 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ محمد نواز کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کے باعث انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فائنل سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ”ہمیں فائنل کو عام میچ کی طرح کھیلنا ہے اور اپنی حکمت عملی پر عمل کرنا ہے۔“

پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، سلمان مرزا کی جگہ سفیان مقیم کو شامل کیا گیا تھا۔ لیگ مرحلے میں دونوں ٹیموں نے تین تین میچز جیتے تھے، جس کے بعد فائنل میں مدِ مقابل آئیں۔