وسیم اکرم کا بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ

سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔بابر اعظم اس وقت ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، تاہم وہ گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے بعد سے ٹیم سے باہر ہیں۔ رواں ایشیا کپ کے لیے بھی انہیں منتخب نہیں کیا گیا کیونکہ سلیکٹرز آئندہ سال شیڈول ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو آزما رہے ہیں۔

ایک بھارتی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں وسیم اکرم نے کہا اگر کسی مشکل وکٹ پر 150 یا 160 رنز کا ہدف تعاقب کرنا ہو تو بابر کی موجودگی بہت فائدہ مند ہو سکتی ہے۔ کھیل میں کچھ تبدیلی کرنا پڑے گی، لیکن ایسے مواقع پر بابر جیسے بیٹر کا ہونا لازمی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چار سے پانچ سال میں بابر اور محمد رضوان کو بطور اوپنر خوب مواقع دیے گئے اور دونوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی، لیکن توقع کے مطابق مستقل مزاجی سے پرفارم نہیں کر سکے، اسی لیے اب نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے۔

وسیم اکرم نے موجودہ ٹیم اور خاص طور پر کپتان سلمان علی آغا کی جارحانہ سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی ٹاپ ٹیموں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔