نیپال:سابق وزیراعظم کی اہلیہ زندہ، اسپتال میں زیر علاج

نیپال کے سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنل کی اہلیہ راجی لکشمی چتراکر، جنہیں حالیہ پرتشدد مظاہروں کے دوران آگ لگائی گئی تھی، زندہ ہیں اور اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو روز قبل کھٹمنڈو کے علاقے ڈالو میں مظاہرین نے سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ کو آگ لگا دی تھی، جس میں جھلسنے کے باعث راجی لکشمی شدید زخمی ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات میں ان کی موت کی خبر سامنے آئی تھی، تاہم بعد میں تصدیق ہوئی کہ وہ زندہ ہیں اور علاج جاری ہے۔

خیال رہے کہ نیپال میں نوجوانوں نے کرپشن کے خلاف احتجاج کا آغاز اس وقت کیا جب حکومت نے سوشل میڈیا سمیت 26 ویب سائٹس پر پابندی عائد کی۔ اگرچہ پابندی بعد میں ختم کر دی گئی، لیکن مظاہرے مزید شدت اختیار کر گئے۔ پرتشدد واقعات میں وزیراعظم کے پی شرما اولی کی رہائش گاہ پر بھی حملہ ہوا، جس کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔