دبئی: ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ یہ چھ ماہ کے دوران دونوں ٹیموں کا دوسرا ٹکراؤ ہے، اس سے قبل وہ چیمپئنز ٹرافی میں آمنے سامنے آچکی ہیں۔
دونوں ٹیمیں حالیہ دنوں میں اچھی فارم میں ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر تین ملکی سیریز اپنے نام کی۔
میچ دبئی کے گرم موسم میں کھیلا جائے گا جہاں سورج غروب ہونے کے بعد درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے۔ ایشیا کپ کے ریکارڈ کے مطابق اب تک دونوں ٹیمیں 19 بار مقابلہ کر چکی ہیں، جن میں بھارت نے 10 اور پاکستان نے 6 فتوحات حاصل کی ہیں۔ پاکستان نے بھارت کو ایشیا کپ میں آخری بار 2022 میں ہرایا تھا۔
بھارت آٹھ بار ایشیا کپ کا چیمپئن رہا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز دو بار حاصل کیا۔ اس بڑے مقابلے کے ٹکٹوں کی قیمت 40 ہزار روپے سے بڑھ کر 13 لاکھ روپے تک جا پہنچی ہے۔ شائقین کرکٹ کو پاکستانی ٹیم سے شاندار کارکردگی کی توقعات ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos