نئی دہلی: آپریشن سندور کی ناکامی اور سیاسی بحران میں الجھی مودی سرکار ایک بار پھر جنگی جنون میں مبتلا ہو گئی ہے اور بھارتی فضائیہ نے مزید رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے وزارتِ دفاع کو سفارش بھیج دی ہے۔
بھارتی اخبار *دی ٹریبیون* کے مطابق، بھارتی فضائیہ نے 114 جدید رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کی تجویز وزارتِ دفاع کو پیش کی ہے۔ یہ طیارے ملٹی رول آپریشنز کی صلاحیت رکھتے ہیں اور بھارتی وزارتِ دفاع ٹینڈر کی بجائے براہ راست فرانسیسی کمپنی ڈیسالٹ ایوی ایشن سے معاہدہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، نئے رافیل جیٹ "میڈ ان انڈیا” اسکیم کے تحت ہندوستان میں تیار کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ڈیسالٹ ایوی ایشن ایک بھارتی کمپنی کے ساتھ شراکت کرے گی، جبکہ طیاروں کی تیاری پر تقریباً 2 کھرب روپے سے زائد لاگت آنے کا امکان ہے، جو بھارت کے بڑے دفاعی سودوں میں سے ایک ہوگا۔
رافیل طیاروں میں مختلف جدید ہتھیار نصب کیے جائیں گے اور ان میں 60 فیصد تک مقامی پرزے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اسی سلسلے میں انجن بنانے والی فرانسیسی کمپنی *سافران* نے حیدرآباد میں انجن مینوفیکچرنگ مرکز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، بھارتی فضائیہ کو فوری طور پر نئے جیٹ طیاروں کی ضرورت اس لیے پیش آئی ہے کیونکہ پاکستان کے ہاتھوں رافیل طیاروں کی تباہی نے مودی سرکار کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت جنگی ہتھیاروں کی خریداری کے ذریعے اپنی ناکامیاں چھپانے اور عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos