ایشیا کپ کا نواں میچ آج افغانستان اوربنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا

ابوظہبی: ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا نواں میچ آج افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

افغانستان نے اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف جیتا اور اس کے دو پوائنٹس ہیں، جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچ کھیل کر ایک کامیابی اور ایک شکست حاصل کی اور اس کے بھی دو پوائنٹس ہیں۔

سری لنکا گروپ بی میں چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آج کا میچ فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر بنگلہ دیش جیتتا ہے تو اس کے چار پوائنٹس ہو جائیں گے، لیکن افغانستان کے پاس ایک اور موقع باقی ہوگا۔ تاہم، اگر افغانستان آج کامیاب ہوتا ہے تو وہ آسانی سے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔

رن ریٹ کی بنیاد پر بھی صورتحال مزید دلچسپ ہو سکتی ہے، اور امکان ہے کہ سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے۔

گروپ اے میں بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔