ایشیا کپ: پاکستان کا یو اے ای کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف

دبئی: ایشیا کپ کے دسویں میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو فتح کے لیے 147 رنز کا ہدف دے دیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ فخر زمان نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 50 رنز کے ساتھ نمایاں اننگز کھیلی۔

پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر صائم ایوب مسلسل تیسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ صاحبزادہ فرحان صرف 5 رنز بنا سکے۔ کپتان سلمان آغا بھی 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ کے طور پر فخر زمان 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد محمد نواز محض 3 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکی۔

یہ میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ تاخیر کی وجہ پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے معاملے پر ہونے والی مشاورت تھی۔

ٹاس کے بعد کپتان سلمان آغا کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے، آج ہمارے لیے اپنے منصوبوں پر عمل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کو ہرگز آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا۔

پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ سفیان مقیم اور فہیم اشرف اس میچ میں شامل نہیں تھے۔