ٹوکیو: ورلڈ ایٹھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو کے فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم اوربھارت کے نیرج چوپڑا میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ارشد ندیم ابتدائی تین تھروز میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے پر میڈل کی دوڑ سے باہر ہوئے ہیں جبکہ نیرج چوپڑا بھی فائنل میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔
ارشد ندیم کی پہلی تھرو 82.73 میٹر رہی جبکہ ان کی دوسری تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا۔
ارشد ندیم کی تیسری تھرو بھی متاثر کن نہیں رہی اور وہ صرف 82.75 میٹر رہی جس کے بعد وہ میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ارشد ندیم کے بھارتی حریف نیرج چوپڑا بھی فائنل میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے ہیں۔ اُن کی پہلی تھرو 83.65 میٹر رہی جبکہ دوسری تھرو 84.03 رہی۔ نیرج چوپڑا نے تیسری تھرو میں نیزہ پھینکا لیکن اسے فاؤل قرار دے دیا گیا۔
دوسری جانب فائنل کھیلنے والے دوسرے انڈین کھلاڑی سچن یادیو نے 86.27 میٹر اور 85 میٹرز کی پہلی اور دوسری تھرو پھینکی ہیں۔
فائنل مقابلے میں ہر ایتھلیٹ چھ، چھ مرتبہ تھرو کرے گا جبکہ سب سے زیادہ لمبی تھرو کرنے والا فاتح قرار دیا جائے گا۔
جاپان کے شہر ٹوکیو میں جاری ان مقابلوں میں جیولن تھرو کے ابتدائی راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 85.28 میٹر دور نیزہ پھینک کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ ابتدائی مقابلے میں ارشد ندیم کی ابتدائی دو تھروز 77 میٹر سے بھی کم فاصلے پر گریں لیکن آخری تھرو نے مقررہ فاصلہ عبور کیا۔
ارشد کے دیرینہ حریف سمجھے جانے والے انڈیا کے نیرج چوپڑا باآسانی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ ابتدائی راؤنڈ میں ان کی 84.85 میٹر کی پہلی ہی تھرو انھیں حتمی مرحلے میں پہنچانے کے لیے کافی ثابت ہوئی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos