دنیا کو اسرائیلی الحاق کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اسرائیل کے مرحلہ وار الحاق کے منصوبے اور دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

فرانسیسی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جو حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں وہ نہایت ہولناک ہیں، یہ موت اور تباہی کی ایسی بدترین شکل ہے جو انہوں نے بطور سیکرٹری جنرل اپنے دور میں یا شاید پوری زندگی میں کبھی نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ قحط، صحت کی سہولیات کی کمی اور مناسب پناہ گاہوں کے بغیر زندگی بسر کرنا، فلسطینی عوام کے دکھ اور تکالیف کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس جاری ہے جس میں 140 سے زائد عالمی رہنما شریک ہیں۔ اس اجلاس کا بڑا موضوع فلسطینی عوام اور غزہ کا مستقبل ہے۔

اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر مغربی ممالک اجلاس میں فلسطین کو تسلیم کرنے کی حمایت کرتے ہیں تو وہ مغربی کنارے کو اپنے ساتھ الحاق کر لے گا۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہمیں ان دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق، چاہے عالمی برادری کوئی مؤقف اختیار کرے یا نہ کرے، اسرائیلی کارروائیاں جاری رہیں گی، لیکن کم از کم اجتماعی دباؤ کے ذریعے ان اقدامات کو روکنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔