فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

ٹی20 ایشیا کپ سپر فور ، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلیے 134 رنز کا ہدف دیدیا

ابو ظہبی:ٹی 20 ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 134 رنز کا ہدف دے دیا۔سری لنکا نے مقررہ 20اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر 133 رنزبنائے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی کوسل مینڈس (0) اور پاتھم نسنگا (8) کو آؤٹ کر کے دباؤ بڑھایا۔ بعد ازاں حارث رؤف نے کوسل پریرا (15) کو شکار بنایا۔اس کے بعد حسین طلعت نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چریتھ اسالنکا (20) اور داسن شاناکا (0) کو لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ کر کے سری لنکا کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔

ابرار احمد نے جارح مزاج وانندو ہسارنگا (15) کو بولڈ کر کے چھٹی وکٹ حاصل کی۔پھر شاہین آفریدی نے  کمیندو مینڈس کو آؤٹ کیا جنہوں نے پچاس سکور بنائے۔اس کے بعد  دوشمانتھا چمیرا ایک سکور بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حارث رؤف اور طلعت حسین نے 2،2 جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کا یہ پہلا آمنا سامنا ہے، دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں اپنے ابتدائی میچز میں شکست سے دوچار ہوچکی ہیں۔

سری لنکا کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے 4 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان کے خلاف بھارت نے مقابلہ 6 وکٹ سے جیتا تھا۔

پاکستانی اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمد حارث، شاہین آفریدی، حارث روف، ابرار احمد شامل ہیں۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بھارت کے خلاف اننگز کے دوسرے حصے میں بیٹنگ اچھی نہیں کی۔ یہ نیا گیم ہے وہ ماضی کے متعلق نہیں سوچ رہے۔