یورینیم افزودگی پر کسی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے:آیت اللہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ان کی تیاری کا کوئی ارادہ ہے، تاہم یورینیم افزودگی کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کا باب ختم ہو چکا ہے اور موجودہ حالات میں ایسی بات چیت ایران کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہوگی۔ ان کے مطابق دھمکیوں کے تحت مذاکرات کرنا دراصل دباؤ کے آگے ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے، اور کوئی بھی باعزت قوم دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکاتی۔

آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران اپنے میزائل پروگرام سے بھی دستبردار ہو، لیکن یہ مطالبہ کسی طور قابل قبول نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں سے یورینیم افزودگی کا عمل نہیں رکے گا، کیونکہ ایران کے پاس درجنوں بلکہ سیکڑوں ماہرین موجود ہیں جو اس عمل کو جاری رکھ سکتے ہیں۔