سعودی عرب کی دنیا بھر سے فلسطین کو تسلیم کرنے کی اپیل

ریاض: سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے ان ممالک کا خیرمقدم کیا ہے جنہوں نے پہلے ہی فلسطین کو تسلیم کر رکھا ہے، اور کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی اس حوالے سے عملی اقدامات کریں تاکہ دو ریاستی حل کو تقویت ملے اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔

سعودی عرب کی جانب سے کہا گیا کہ فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کا احترام اور تحفظ کیا جانا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی سرزمین پر آزاد ریاست قائم کر سکیں اور پرامن زندگی بسر کرتے ہوئے خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں۔

سرکاری بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کے عالمی فیصلے اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام اپنی آزادی اور ریاست کے قیام کے فطری اور ناگزیر حق دار ہیں۔

واضح رہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد ہوئی، جس کا مقصد دو ریاستی فارمولے کو آگے بڑھانا اور مشرق وسطیٰ میں امن کے امکانات کو مضبوط بنانا تھا۔