دبئی میں کھیلے گئے پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے منفرد سیلیبریشن اسٹائل شائقین کے درمیان موضوع گفتگو بن گئے۔
قومی ٹیم کے اسپنر ابرار احمد نے سری لنکن کھلاڑی ہاسارنگا کو آؤٹ کرنے کے بعد ان ہی کے انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے جواب میں ہاسارنگا نے بھی پاکستانی بیٹنگ کے دوران ابرار احمد کا انداز کاپی کر کے دلچسپ ماحول پیدا کر دیا۔
پاکستانی بیٹر فخر زمان کو کیچ کرنے کے بعد ہاسارنگا نے ابرار احمد جیسا سیلیبریشن کیا، جس پر ابرار احمد ڈریسنگ روم میں بیٹھے مسکراتے رہے۔ کمنٹیٹرز بھی دونوں کھلاڑیوں کی شرارتی انداز والی اداکاری پر ہنستے اور محظوظ ہوتے نظر آئے۔
میچ کے بعد ابرار احمد اور ہاسارنگا نے خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر دوستانہ ماحول قائم کیا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکا کے 134 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 18 اوورز میں مکمل کر لیا۔ محمد نواز 38 اور حسین طلعت 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بالنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 3، حارث رؤف اور حسین طلعت نے دو، دو جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos