بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو مشکل میں، کارروائی کا امکان

 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کے خلاف انضباطی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے ان کے حالیہ بیان پر باضابطہ طور پر آئی سی سی کو شکایت درج کرائی تھی۔

ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے میچ ریفری رچی رچرڈسن اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شکایت منظور کر لی ہے، جس کے بعد سوریا کمار کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے گروپ اسٹیج میچ کے بعد سوریا کمار یادیو نے سیاسی نوعیت کے جملے کسے تھے۔ پی سی بی نے اس پر دو آفیشل رپورٹس جمع کرائیں، جن کا آئی سی سی جائزہ لے رہا ہے اور جلد سماعت متوقع ہے۔

میچ ریفری رچی رچرڈسن نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ای میل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد کے مطابق سوریا کمار یادیو کے ریمارکس کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی باضابطہ کارروائی جلد شروع ہو سکتی ہے۔