بی سی سی آئی کی شکایت،پاکستانی ہیروز نشانے پر

ایشیا کپ کے پاک بھارت مقابلے ایک بار پھر میدان سے زیادہ تنازعات میں گِھر گئے۔ بھارتی میڈیا اور بی سی سی آئی کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں پر لگائے گئے الزامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کھیل کو کھیل نہیں بلکہ سیاست اور دشمنی کا میدان بنا رہا ہے۔

سپرفور میچ کے دوران صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچری کے بعد منفرد جشن اور حارث رؤف کے ہاتھ کے اشارے کو بھارت نے برداشت نہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرا دی۔

بھارتی بورڈ کا مؤقف ہے کہ حارث رؤف نے بھارتی فوجی ناکامیوں اور طیارے کی تباہی کا مذاق اڑایا جبکہ فرحان نے اپنے بلے کو بندوق کے طور پر استعمال کیا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاسارنگا اور پاکستان کے ابرار احمد کے جشن کو تو سراہا گیا لیکن پاکستانی کھلاڑیوں کے جذباتی ردِعمل کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید یہ کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جسے بھارتی میڈیا نے پاکستان کی جانب سے مزید طنز کے طور پر پیش کیا۔

اس سے قبل بھی پی سی بی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیان پر آئی سی سی کو باضابطہ شکایت درج کرائی تھی، جس میں انہوں نے اپنی جیت کو فوجی آپریشن سے جوڑ دیا تھا۔

ماہرین کے مطابق بھارت کی ہمیشہ یہی حکمتِ عملی رہی ہے کہ جب بھی پاکستان کھیل یا سفارت کاری میں نمایاں ہوتا ہے، تو بھارتی میڈیا اور بی سی سی آئی بے بنیاد الزامات کے ذریعے ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

پاکستانی عوام کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کی یہ شکایت دراصل بھارت کی کمزوری اور پاکستان کے خوف کی عکاسی ہے۔