فائل فوٹو
فائل فوٹو

چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کی مدت ملازمت میں توسیع

نئی دہلی: انڈیا کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان کی مدتِ ملازمت میں مئی 2026 تک توسیع کردی گئی ہے۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے یہ اعلان جنرل چوہان کی ملازمت کی میعاد ختم ہونے سے سے چند روز قبل کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے بدھ کو ان کی توسیع کی منظوری دی تھی۔

وزارتِ دفاع کے مطابق جنرل چوہان اب 30 مئی 2026 تک یا اگلے احکامات تک سی ڈی ایس اور عسکری امور کے محکمے کے سیکریٹری رہیں گے۔

64 سالہ جنرل چوہان 30 ستمبر 2022 سے چیف آف ڈیفنس سٹاف اور سیکریٹری محکمہ ملٹری افیئرز کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

انڈین فوج کے ساتھ اپنے 40 سال سے زیادہ طویل کیریئر میں لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان نے کئی کمانڈز سنبھالی ہیں۔ ان کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا وسیع تجربہ ہے۔

وہ 18 مئی 1961 کو پیدا ہوئے اور 1981 میں انڈین فوج کی 11 گورکھا رائفلز میں شمولیت اختیار کی۔ انھوں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) اور انڈین ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) دہرادون سے تعلیم حاصل کی۔

میجر جنرل کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے، انھوں نے جموں و کشمیر کے بارہ مولہ سیکٹر میں ایک انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔

بعد میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر، انھوں نے شمال مشرقی کور کی قیادت کی۔ انڈین فوج میں کل 14 کور ہیں۔

اس کے بعد وہ ستمبر 2019 سے مئی 2021 تک یعنی اپنی ریٹائرمنٹ تک ایسٹرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف رہے۔

ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان اقوام متحدہ کے انگولا مشن میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

دسمبر 2021 میں انڈیا کے پہلے سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد ستمبر 2022 میں جنرل چوہان کو اس عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔

سنہ 1999 میں کارگل جنگ کے بعد تشکیل دی گئی جائزہ کمیٹی سے لے کر کئی دیگر کمیٹیوں نے انڈین فوج کی انٹیگریٹڈ تھیٹر کمانڈ اور چیف آف ڈیفنس سٹاف کے عہدے کے قیام کی تجویز دی تھی۔