تمل ناڈو:تھلاپتی وجے کی ریلی میں بھگدڑ،31 ہلاک،50 زخمی

تمل ناڈو:تھلاپتی وجے کی ریلی میں بھگدڑ،31 ہلاک،50 زخمی

 

تمل ناڈو:  بھارتی اداکار اور سیاستدان تھلاپتی وجے کی انتخابی ریلی میں بھگدڑ کے نتیجے میں بچوں سمیت 31 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کروُر ضلع میں پیش آیا، جہاں وجے اپنے سیاسی جماعت ٹی وی کے انتخابی مہم کے سلسلے میں عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ ریلی میں اچانک ہجوم میں بھگدڑ مچ گئی جب متعدد افراد بے ہوش ہو کر زمین پر گرنے لگے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کارکنوں نے فوری طور پر شور مچایا اور وجے نے اپنا خطاب روک کر لوگوں کو پانی کی بوتلیں دے کر ہوش میں لانے کی کوشش کی، تاہم ریسکیو ٹیموں کے لیے ہجوم میں داخل ہونا انتہائی مشکل ثابت ہوا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے سانحے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا:
*”کروُر سے آنے والی خبریں انتہائی افسوسناک ہیں۔ وزراء اور ضلعی انتظامیہ کو فوری ایکشن کی ہدایت دے دی گئی ہے تاکہ تمام زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے وزیر تعلیم انبل مہیش کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس سے سیکیورٹی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ اسٹالن کل خود کروُر کا دورہ کریں گے تاکہ واقعے کا جائزہ لیں۔

واضح رہے کہ تھلاپتی وجے جنوبی بھارت کے معروف اداکار ہیں، جنہوں نے حال ہی میں سیاست میں قدم رکھا ہے اور ان کی پارٹی تملگا ویٹری کزگم (TVK) تمل ناڈو میں عوامی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔