ناصر شاہ کا حارث رؤف کا جرمانہ ادا کرنے کا اعلان

کراچی: صوبائی وزیر بلدیات اور پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے فاسٹ بولر حارث رؤف پر عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ناصر حسین شاہ نے لکھا کہ "حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان بہادر کھلاڑی ہیں، اگر حارث پر 300 فیصد تک بھی جرمانہ ہو تو ہم اور پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ حارث رؤف کو یہ رقم وہ ذاتی طور پر ادا کریں گے۔

اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی حارث رؤف پر عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ میں 21 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ کے دوران صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری کے بعد بیٹ کو گن کا اشارہ بنا کر خوشی کا اظہار کیا تھا، جبکہ حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد بھارتی تماشائیوں کے ردعمل پر ہوائی جہاز گرانے کا اشارہ کیا تھا۔

میچ ریفری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حارث رؤف کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا، تاہم صاحبزادہ فرحان کو محض وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔