ابو ظہبی:ایشیا کپ کے تاریخی فائنل میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے147 رنز کا ہدف دیدیا۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز شاندار رہا۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر57 رنز اور فخر زمان نے 35 گیندوں پر 46 رنز کی ذمے دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔صائم ایوب نے 14 رنز کی اننگز کھیلی باقی کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہیں دے سکا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف فائنل میچ میں صفر رنز پر وکٹ دے بیٹھے جبکہ سلمان علی آغا 8، محمد نواز اور حارث روف 6،6 جبکہ حسین طلعت صرف 1 رنز کے ساتھ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی ٹیم آخری 5 اوورز میں صرف 26 رنز بنا سکی اور 7 وکٹیں گنوا بیٹھے۔اب بھارت کو ایشیا کپ جیتنے کے لیے 147 رنز کا ہدف درکار ہے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمراہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں ایشیا کپ کے فائنل اور تاریخی ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل بھی دو میچز میں بھارت نے ٹاس جیتا تھا۔
اس بار بھی ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں نے ہاتھ نہیں ملایا تاہم ایک منفرد تبدیلی نظر آئی، جس کے تحت پاکستانی کپتان سے پاکستانی کمنٹیٹر اور سوریا کمار سے بھارتی کمنٹیٹر نے بات کی۔بھارت کی ٹیم کو ایک بڑا دھچکا یہ پہنچا کہ ہاردک پانڈیا فٹ نہ ہوسکے۔
اگرچہ انڈیا پہلے ہی دو بار پاکستان کو اس ٹورنامنٹ میں شکست دے چکا ہے، لیکن فائنل اصل معرکہ ہے جس پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ستمبر 2022ء کے بعد سے اب تک 5 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے 4 میں بھارت اور 1 میچ میں فتح پاکستانی ٹیم کا مقدر بنی ہے۔
پاکستان اور بھارت کا فائنل دیکھنے کے لیے ملک بھر میں بڑی اسکرینیں لگ چکی ہیں، شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے۔
شائقین کرکٹ کو مقابلے کا شدت سے انتظار ہے اور قومی ٹیم کی جیت کیلئے پُرجوش ہیں، شائقین کرکٹ نے سلمان علی آغا سے دلیرانہ قیادت کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی سے بڑی توقعات وابستہ کر لی ہیں، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب بھی امیدوں کے محور ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل جیسے حیثیت رکھنے والے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان اور بھارت اب تک کسی بھی ٹورنامنٹ میں 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آئے ہیں، یہاں بھی پاکستان بھارت سے آگے ہے، پاکستان نے 3 بار جبکہ بھارت نے پاکستان کو 2 بار فائنل میں شکست دی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos