ٹرافی معاملے پربھارتی کرکٹ بورڈ کا مؤقف بھی سامنے آگیا

ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کے تنازع پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا نے کہا کہ آئی سی سی کا اجلاس نومبر کے پہلے ہفتے دبئی میں ہوگا، جہاں وہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ ابتدا سے حکومتی پالیسی پر عمل کر رہا ہے، یہ ٹورنامنٹ ملٹی نیشنل ایونٹ تھا اور ہم باہمی سیریز نہیں کھیلتے۔ پاکستان کو فائنل میں شکست دینے پر ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے۔

دیوا جیت سائیکیا نے مزید کہا کہ بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ پاکستان حکومت کے مرکزی نمائندہ ہیں۔ ان کے بقول ٹرافی اور میڈلز پاکستان لے جائے گئے، لیکن امید ہے کہ یہ بہت جلد بھارت کے حوالے کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ قومی اسکواڈ کو پاکستان کو ہرانے پر 21 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ فائنل کے بعد بھارتی ٹیم نے اے سی سی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث تقریب بغیر ٹرافی تقسیم کے ختم ہوئی۔ محسن نقوی نے صرف رنر اپ ٹیم کو انعام دیا جبکہ ٹرافی اور میڈلز اے سی سی کے دفتر واپس پہنچا دیے گئے۔