ایشیا کپ 2025 جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم ٹرافی وصول کیے بغیر میدان سے واپس لوٹ گئی، جس کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر فرضی ٹرافی کے ساتھ تصاویر پوسٹ کر کے معاملے کو مزید متنازع بنا دیا۔
کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی ٹیم فائنل جیتنے کے باوجود ٹرافی لیے بغیر اسٹیڈیم سے رخصت ہوئی۔ بھارتی کھلاڑیوں نے کھیل میں سیاست شامل کر کے نہ صرف کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ اپنی ہی جیت کو تنازع میں بدل ڈالا۔
اتوار 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی، تاہم انعامی تقریب میں بھارتی کھلاڑیوں نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی اور میڈلز لینے سے انکار کر دیا۔ تقریب ٹرافی کے بغیر ہی اختتام پذیر ہوئی اور بھارتی ٹیم اسٹیج پر تب گئی جب تمام معزز مہمان جا چکے تھے۔
بعد ازاں بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوا جیت سیکیا نے متنازع بیان دیتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی ٹرافی لے کر ہوٹل چلے گئے کیونکہ بھارتی ٹیم نے ان سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔
تقریب کے بعد بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو، شبمن گل، ہاردک پانڈیا اور ابھیشیک شرما نے انسٹاگرام پر فرضی ’ٹرافی ایموجی‘ کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کیں۔ سوریہ کمار یادو نے اپنی پوسٹ میں لکھا: *“جب کھیل ختم ہو جاتا ہے، تو صرف چیمپئن یاد رکھے جاتے ہیں، ٹرافی کی تصویر نہیں۔
بھارتی کھلاڑیوں کے اس غیر سنجیدہ رویے پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے اور کرکٹ شائقین اس عمل کو کھیل کی توہین قرار دے رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos