لندن: مہاتما گاندھی کے تاریخی مجسمے پر بھارت اور وزیراعظم نریندر مودی مخالف نعرے درج کر دیے گئے جس پر بھارتی ہائی کمیشن نے شدید ردعمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ لندن کے ٹیوسٹاک اسکوائر میں پیش آیا جہاں گاندھی کا کانسی کا مجسمہ نصب ہے۔ یہ واقعہ گاندھی جینتی کی سالانہ تقریبات سے صرف چند روز قبل رونما ہوا ہے، جو 2 اکتوبر کو اسی مقام پر منائی جاتی ہیں۔
مخالف نعرے مجسمے کے پیندے پر درج کیے گئے جس پر بھارتی ہائی کمیشن نے سخت مذمت کرتے ہوئے مقامی حکام کو فوری اطلاع دی۔ کمیشن نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ "لندن میں گاندھی جی کے مجسمے کے ساتھ اس شرمناک حرکت پر ہمیں گہرا دکھ ہے، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔”
ہر سال گاندھی جینتی کو اقوام متحدہ کے "بین الاقوامی دنِ عدم تشدد” کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مجسمے پر پھول چڑھائے جاتے ہیں اور گاندھی کے پسندیدہ بھجن پیش کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ مجسمہ 1968 میں انڈیا لیگ کی مدد سے تیار کر کے ٹیوسٹاک اسکوائر میں نصب کیا گیا تھا۔ میٹروپولیٹن پولیس اور کیمڈن کونسل نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos