یو اے ای میں نئے ویزا قوانین کا اعلان،وزٹ ویزا کی چار نئی اقسام متعارف

 

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے نئے ویزا اور رہائشی قوانین کا اعلان کر دیا ہے، جن کا مقصد ٹیکنالوجی، سیاحت، تفریح اور کاروباری شعبوں میں ٹیلنٹ اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق حکام نے وزٹ ویزا کی چار نئی اقسام متعارف کرائی ہیں، جن میں قیام کی مدت اور توسیع کے قواعد واضح کیے گئے ہیں۔ ان میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین، تفریحی ویزا، ایونٹس اور نمائشوں کے لیے ویزا اور کروز شپ سیاحوں کے لیے ملٹی پل انٹری ویزا شامل ہیں۔

مزید برآں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک سال کا رہائشی اجازت نامہ دیا جائے گا، جس کے لیے اسپانسر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسی طرح بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کے لیے بھی مخصوص اقامہ قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔

رشتہ داروں اور دوستوں کو اسپانسر کرنے کے لیے کم از کم آمدنی کی شرط رکھی گئی ہے۔ قریبی خاندان کے لیے کم از کم تنخواہ 4000 درہم، دور کے رشتہ داروں کے لیے 8000 درہم جبکہ دوستوں کی اسپانسرشپ کے لیے 15,000 درہم ماہانہ تنخواہ لازمی ہوگی۔

بزنس ایکسپلوریشن ویزا کے لیے مالی وسائل ثابت کرنا ضروری ہوگا جبکہ ٹرک ڈرائیورز کو سنگل یا ملٹی پل انٹری ویزے جاری کیے جائیں گے۔

یہ اصلاحات یو اے ای کی عالمی معیشت، ٹیکنالوجی اور سیاحت کو مزید فروغ دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔