حکومت کا جنوبی افریقا ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے کا فیصلہ

لاہور: وفاقی حکومت نے جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ، پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ، پنجاب رینجرز اور لاہور و راولپنڈی پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر دورۂ پاکستان کو وی وی آئی پی سیکیورٹی کا درجہ دینے کی منظوری دی تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

حکومت نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اس ہائی پروفائل سیریز کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم 7 اکتوبر سے 9 نومبر 2025 تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔