جاپان کی معروف بیئر بنانے والی کمپنی اساہی گروپ پر بڑے سائبر حملے کے بعد ملک بھر میں بیئر اور دیگر مشروبات کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔ حملے کو پانچ دن گزرنے کے باوجود کمپنی کا نظام مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا۔
کمپنی کے مطابق سائبر حملے کے بعد آرڈر پروسیسنگ، شپنگ اور کال سینٹر سمیت کئی نظام بند کرنا پڑے۔ بدھ کے روز کمپنی نے ہاتھ سے لکھ کر اور خود جا کر گاہکوں سے آرڈر لینا شروع کیے۔ فی الحال صرف کھانے پینے اور سافٹ ڈرنکس کے آرڈر لیے جا رہے ہیں، جبکہ الکحل مشروبات کے نئے آرڈر روک دیے گئے ہیں تاکہ موجودہ ذخیرہ ترجیحی بنیاد پر بھیجا جا سکے۔
جمعے کو اساہی گروپ نے تصدیق کی کہ کمپنی کے سرورز پر رینسم ویئر حملہ ہوا ہے جس سے ان کے کمپیوٹر سسٹم متاثر ہوئے۔ ماہرین کی مدد سے نظام کی بحالی پر کام جاری ہے، مگر مکمل بحالی کے لیے وقت درکار ہے۔
کمپنی کے حصص میں اب تک تقریباً چار فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس واقعے کو دنیا بھر میں بڑے کارپوریٹ اداروں پر ہونے والے سائبر حملوں کے سلسلے کی ایک اور کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹوکیو کے ایک معروف ریستوران کے مالک کا کہنا ہے کہ ان کے پاس بیئر کا صرف ایک آخری ذخیرہ بچا ہے، جب کہ سپلائرز نے متبادل کمپنیوں کی بیئر فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔ جاپان کی بڑی اسٹور چینز نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ اس قلت سے متاثر ہیں اور متبادل برانڈز فروخت کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos