ویمنز ورلڈ کپ:پاکستان کو 88 رنز کے بڑے مارجن سے شکست

کولمبو: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے بآسانی شکست دے دی، قومی ٹیم ایونٹ میں مسلسل دوسری ناکامی کا شکار ہوگئی۔

پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ویمنز ٹیم 50 اوورز میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں قومی ٹیم 43 اوورز میں 159 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے پراتیکا راول، سمرتی مندھانا اور کپتان ہرمن پریت کور نے محتاط بیٹنگ کی، جبکہ رچا گھوش نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ بھارت کی پوری ٹیم ایک روزہ میچ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ سب سے کامیاب بولر رہیں، جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ ابتدائی 3 کھلاڑی صرف 26 رنز پر پویلین لوٹ گئیں۔ سدرہ امین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم وہ بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

بھارت کی جانب سے کرانتی گوڈ اور دیپتی شرما نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سنہ رانا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

میگا ایونٹ میں قومی ویمنز ٹیم کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے، جس کے بعد پاکستان کی اگلے مرحلے میں رسائی مزید مشکل ہوگئی ہے۔