یروشلم / روم / میڈرڈ: اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے زیرِ حراست مزید 29 کارکنوں کو ڈی پورٹ کر دیا، جس کے بعد اب تک رہا ہونے والے کارکنوں کی مجموعی تعداد 170 تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فلوٹیلا کے 450 سے زائد کارکن اب بھی اسرائیلی حراست میں موجود ہیں۔
روم پہنچنے والے اطالوی کارکنوں نے اسرائیلی حراست میں گزرے اذیت ناک لمحات بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں ہراسانی، بدسلوکی اور بنیادی سہولیات سے محرومی کا سامنا رہا۔
ایک اطالوی کارکن کے مطابق انہیں چھ گھنٹے تک برفیلے کمرے میں ہاتھ باندھ کر رکھا گیا اور بندوقوں کے سائے میں ڈرا دھمکایا گیا۔
اسی طرح ایک اطالوی خاتون صحافی نے بتایا کہ دورانِ قید فلوٹیلا کے شرکاء کے ساتھ تحقیر آمیز سلوک کیا گیا، انہیں ذہنی اذیت دی گئی اور طبی امداد فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب میڈرڈ پہنچنے والے ہسپانوی کارکنوں نے بھی اسرائیلی حراست میں غیر انسانی رویے اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شکایات کیں۔ ان کے مطابق انہیں مسلسل خوف کی فضا میں رکھا گیا اور ہر ممکن طور پر دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی۔
عینی شاہدین اور انسانی حقوق کے مبصرین کا کہنا ہے کہ فلوٹیلا شرکاء کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک عالمی انسانی حقوق کے معیارات کے منافی ہے، جس پر بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos