بھارتی عدالت کا اہم فیصلہ:پاکستان کی حمایت میں پوسٹ غداری نہیں

بھارت کی الہ آباد ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلے میں واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کی حمایت میں پوسٹ کرنا غداری کے زمرے میں نہیں آتا

عدالت نے میرٹھ کے شہری ساجد چوہدری کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ ایسی پوسٹس اگرچہ کسی حد تک غصے یا عدم ہم آہنگی کو جنم دے سکتی ہیں، تاہم یہ ملک سے غداری یا خودمختاری کو خطرےکے مترادف نہیں۔

ساجد چوہدری کو رواں سال مئی میں "کامران بھٹی پر فخر ہے، پاکستان زندہ باد” کی پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعہ 152 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جو ملک کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔

دورانِ سماعت، ساجد کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل نے پوسٹ خود نہیں لکھی بلکہ صرف فارورڈکی تھی، اور ان کا مقصد نفرت یا بدامنی پھیلانا نہیں تھا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد انہیں ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ ایسی پوسٹس محض رائے کا اظہار ہیں، غداری نہیں۔