بھارتی سپریم کورٹ میں ہنگامہ،چیف جسٹس پر جوتا پھینکنے کی ناکام کوشش

 

نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ میں ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینئر وکیل راکیش کشور نے چیف جسٹس بی آر گوائی پر جوتا پھینکنے کی کوشش کی۔ خوش قسمتی سے جوتا چیف جسٹس تک نہیں پہنچ سکا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

عدالتی کارروائی کے دوران پیش آنے والے اس واقعے پر چیف جسٹس نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا، ’’ایسے واقعات مجھے متاثر نہیں کرتے‘‘ اور سماعت جاری رکھی۔

عینی شاہدین کے مطابق وکیل راکیش کشور نے نعرہ لگایا، ’’انڈیا سناتن دھرم کی بے حرمتی برداشت نہیں کرے گا‘‘۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چیف جسٹس کو چند روز قبل کھجراؤ میں وشنو مورتی کی مرمت سے متعلق ایک کیس میں دیے گئے ریمارکس پر تنقید کا سامنا تھا۔

پولیس نے وکیل راکیش کشور کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا، جبکہ ان کے پاس سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، شاہدرہ بار ایسوسی ایشن اور بار کونسل آف دہلی کے ممبرشپ کارڈز بھی برآمد ہوئے۔

بار کونسل آف انڈیا نے اس واقعے کو عدلیہ کی توہین اور پیشہ ورانہ ضابطے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے راکیش کشور کی عبوری معطلی کا حکم جاری کردیا۔
چیئرپرسن منن کمار مشرا کے مطابق یہ حرکت وکلاء ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس معاملے پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔