غزہ پر اسرائیلی حملے کے دو سال مکمل،فلسطین کے حق میں ریلیاں

 غزہ / نیویارک / برلن:غزہ پر اسرائیلی حملے کو دو سال مکمل ہونے پر دنیا کے مختلف ممالک میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر فلسطین کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن اور فرینکفرٹ میں بھی مظاہرین نے “فری فلسطین” کے نعرے بلند کیے اور ہاتھوں میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔

لندن میں نکالی جانے والی ریلی میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے، جنہوں نے غزہ میں جاری انسانی المیے پر عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

لاطینی امریکا کے ممالک چلی اور میکسیکو میں مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانوں کی بندش اور فلسطینیوں کے لیے عالمی سطح پر انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

برازیل میں احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جبکہ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شہریوں نے امریکی سفارتخانے کے سامنے فلسطینی پرچم لہرا کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اس کے علاوہ سڈنی، پیرس، جنیوا، ایتھنز، استنبول اور اسٹاک ہوم سمیت کئی یورپی شہروں میں بھی فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کو دو سال مکمل ہو گئے ہیں، اور اس عرصے میں ہزاروں فلسطینی جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ غزہ میں انسانی بحران اب بھی برقرار ہے۔