بھارتی کرکٹ لیگ کی بھاری پیشکش،آسٹریلوی کپتانوں کو 10 ملین ڈالرز کا لالچ!

 

میلبرن: اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائزز نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بھاری معاوضوں کی پیشکشیں دے کر اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی لیگ کی ایک بڑی فرنچائز نے آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور نائب کپتان ٹریوس ہیڈ کو سالانہ تقریباً 10 ملین ڈالرز کے عوض صرف غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کی آفر دی تھی۔

رپورٹس کے مطابق یہ پیشکش رواں سال کے آغاز میں کی گئی تھی، تاہم دونوں کھلاڑیوں نے اس تجویز کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ وہ اپنی ملکی ٹیم سے مکمل وابستگی رکھتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹرز نیشنل کنٹریکٹ کے تحت اوسطاً 1.5 ملین ڈالرز سالانہ کماتے ہیں، جبکہ کپتان پیٹ کمنز کو اضافی کپتانی الاؤنس کے ساتھ تقریباً 3 ملین ڈالرز تک ادائیگی کی جاتی ہے۔

یہ انکشاف حال ہی میں بگ بیش لیگ (BBL) کی نجی ملکیت پر غور کرنے والی میٹنگ کے دوران سامنے آیا، جہاں بتایا گیا کہ بھارتی فرنچائزز کی جانب سے بھاری رقوم کی آفرز کرکٹ آسٹریلیا کی مالی کمزوری کو واضح کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ 2023 میں بھی بھارتی لیگ کی ایک ٹیم نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو سالانہ 7.5 ملین ڈالرز کی پیشکش کی تھی، جو انہوں نے قبول نہیں کی تھی۔