پاک بھارت میچز ہماری مجبوری ہیں، بی سی سی آئی کا مؤقف

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچز عالمی ایونٹس کا لازمی حصہ ہیں اور ان سے دستبرداری ممکن نہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق انگلش کپتان مائیک ایتھرٹن نے اپنے حالیہ کالم میں آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے میچز کو جان بوجھ کر ایک ہی گروپ میں رکھنے کا سلسلہ بند کرے، کیونکہ اس سے کرکٹ سیاست زدہ ہو رہی ہے۔

ایتھرٹن نے کہا کہ عالمی ایونٹس کے ڈراز صرف مالی مفادات کی بنیاد پر نہیں بننے چاہئیں۔ ان کے مطابق اگر بھارت اور پاکستان کا آمنا سامنا قدرتی طور پر نہ ہو تو اسے زبردستی شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جب ایتھرٹن کی تجویز پر بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار سے رائے لی گئی تو انہوں نے کہا کہ “یہ کہنا آسان ہے، لیکن اسپانسرز اور براڈکاسٹرز کے مفادات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔”

بی سی سی آئی آفیشل نے مزید کہا کہ اگر کسی بڑی ٹیم نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کی تو اسپانسرز اور ناظرین کی دلچسپی برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث ایشیا کپ کی ٹرافی اب بھی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے دبئی ہیڈکوارٹر میں موجود ہے۔
اے سی سی کے صدر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اگر بھارت کو ٹرافی چاہیے تو بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو خود دبئی آ کر اسے وصول کریں۔