واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔
مصر میں ہونے والے مذاکرات کے بعد امریکی صدر نے اعلان کیا کہ اس کا مطلب ہے کہ تمام یرغمالی جلد رہا ہو جائیں گے اور اسرائیل اپنے فوجی واپس بلا لے گا۔
ٹرمپ نے ان اقدامات کو تادیر قائم رہنے والے امن کی جانب پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’تمام پارٹیوں کے ساتھ برابری کا سلوک ہو گا۔‘
اسرائیلی وزیر اعظم نے اسے ملک کے لیے ’عظیم دن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت جمعرات کو اس معاہدے کی منظوری پر غور کرے گی تاکہ ’تمام یرغمالیوں کو گھر واپس لایا جا سکے۔‘ حماس کی جانب سے بھی اس اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’اس سے غزہ میں جنگ کا خاتمہ ہو گا، قابض فوج کا مکمل انخلا یقینی ہو گا اور انسانی امداد کی فراہمی ہو سکے گی، قیدیوں کا تبادلہ ہو سکے گا۔‘
اسرائیل حکومت آج جمعرات کو معاہدے پر ووٹ کرے گی۔ اگر اس معاہدے کی منظوری ہو جاتی ہے تو اسرائیل کو متفقہ ٹائم لائن کے مطابق غزہ سے اپنی فوج واپس بلانی ہو گی۔
ان کے مطابق انخلا 24 گھنٹے کے اندر شروع ہونا ہے جس کے بعد 72 گھنٹے کے اندر حماس کو ان یرغمالیوں کو رہا کرنا ہو گا جو ابھی تک زندہ ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے افسر کے مطابق رہائی کا عمل سوموار کو شروع ہونے کی توقع ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos