چین کا امریکی بحری جہازوں پر خصوصی پورٹ فیس عائد کرنے کا اعلان

بیجنگ: چین نے امریکی بحری جہازوں پر خصوصی پورٹ فیس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جو 14 اکتوبر سے نافذ ہوگا۔ یہ اقدام امریکا کی جانب سے چینی جہازوں پر اضافی فیس عائد کرنے کے فیصلے کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے۔

چینی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق نئی فیس ان تمام جہازوں پر لاگو ہوگی جو امریکی کمپنیوں، تنظیموں یا افراد کی ملکیت یا آپریشن میں ہیں، نیز ان بحری جہازوں پر بھی جن میں امریکی مفاد 25 فیصد یا اس سے زیادہ ہے یا جو امریکا میں تیار کیے گئے ہیں۔

وزارت کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکی جہازوں کے لیے فیس 400 یوان فی نیٹ ٹن (تقریباً 56 امریکی ڈالر) مقرر کی گئی ہے، جو آئندہ تین برسوں تک ہر سال 17 اپریل کو بتدریج بڑھائی جائے گی۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملکی بحری کمپنیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ وزارت نے امریکا کے اقدامات کو بین الاقوامی تجارتی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واشنگٹن فوری طور پر اپنی پالیسیوں میں اصلاح کرے اور چینی بحری صنعت پر دباؤ ڈالنا بند کرے۔