پیونگ یانگ میں جمعہ کی شب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی سربراہی میں شاندار فوجی پریڈ منعقد ہوئی، جس میں ملک کے جدید ترین بین البرِاعظمی بیلسٹک میزائل ’ہواسونگ-20‘ کو پہلی بار نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ یہ میزائل بیک وقت 20 روایتی یا جوہری وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ پریڈ ورکرز پارٹی آف کوریا کے قیام کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی، جس میں چین، روس اور ویتنام سمیت کئی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ روسی وفد کی قیادت سابق صدر دمیتری میدویدیف جبکہ چین کی نمائندگی وزیراعظم لی کیانگ نے کی۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق، ’ہواسونگ-20‘ کو ملک کا سب سے طاقتور دفاعی ہتھیار قرار دیا جا رہا ہے، جو امریکی سرزمین کے کسی بھی حصے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کم جونگ اُن نے اپنے خطاب میں فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کی افواج نہ صرف ملکی دفاع بلکہ عالمی سوشلسٹ تحریک کے فروغ میں بھی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی فوج کو ایک ناقابلِ شکست قوت بننا ہوگا جو ہر دشمن کا مقابلہ کر سکے۔
پریڈ سے قبل کم جونگ اُن نے روسی رہنما دمیتری میدویدیف سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے عزم کا اظہار کیا۔ روسی رہنما نے یوکرین میں لڑنے والے شمالی کورین فوجیوں کی قربانیوں کو دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت قرار دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos