پاکستان اور جنوبی افریقہ کے کپتانوں کا پہلے ٹیسٹ سے قبل میچ جیتنے کا دعویٰ

لاہور( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریزکے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہترین کرکٹ کھیل کر میچ جیتنے کے دعوے کیے۔جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ پاکستان کی اسپن فرینڈلی وکٹ پر کھیلنا ہمارے لئے چیلنج ہوگا،تا ہم پاکستانی ٹیم کے اسپنرز کو کھیلنے کیلئے مکمل تیار ہیں، اچھی کرکٹ کھیل کر میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھاکہ قذافی اسٹیڈیم کی نئی کنڈیشن میں ٹیسٹ کرکٹ کی ورلڈ چمپئن ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ہمارے لئے چیلنج ہو گا، جنوبی افریقہ کے خلاف کھیل کر ہمارا اعتماد بڑھے گا، سیریزمیں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے،فیلڈنگ میں بہتری کیلئے بہت کام کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریڈبال کرکٹ کےلئے کافی کام کیا ہے، ریڈ بال کیلئے کیمپ لگائے گئے اورکاو¿نٹی کرکٹ کھیلی،کوشش ہوگی کہ بہترین کرکٹ کھیل کر میچ جیت سکیں۔شان مسعود نے کہا کہ ٹیسٹ میچز جیتنے کیلئے 20 وکٹیں حاصل کرنی پڑتی ہیں،ہمارے پاس بہترین بولرز ہیں جو20 وکٹیں لیکر میچ جتوا سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ساجد خان ہمارے اہم بولر ہیں ان کو وائرل فلو ہوا تھا،ساجد خان کے بارے میں میڈیکل ٹیم سے رائے لیں گے ،میچ سے قبل پچ دیکھ کر حتمی گیارہ رکنی ٹیم کا اعلان کریں گے۔