غزہ سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا عمل آج سے شروع ہوگا۔ اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے ساتھ ہی فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کردیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے 20 زندہ یرغمالیوں کو آزاد کیا جائے گا، جبکہ اسرائیلی حکومت نے 28 دیگر یرغمالیوں کی لاشیں وصول کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے جن کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اسرائیلی ترجمان کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی رہائی اس وقت شروع ہوگی جب غزہ سے یرغمالیوں کو اسرائیلی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
حماس کے سیاسی بیورو کے سینئر رکن غازی حماد نے الجزیرہ سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل قیدیوں کی فہرستوں میں تبدیلیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی دباؤ کم ہوا تو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو دوبارہ جارحیت پر اتر سکتے ہیں۔
غازی حماد نے عرب ممالک اور ثالث ممالک سے اپیل کی کہ وہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس مصر، قطر اور ترکیے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے قیدیوں کے ناموں کی تصدیق میں تاخیر نے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos