پاکستان نے یقین دلایا امریکا تعلقات سے چینی مفادات متاثر نہیں ہوں گے،چین

بیجنگ: چین نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات یا ممکنہ معدنیاتی تعاون سے چینی مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ اس کے تعلقات چین کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری یا باہمی اعتماد پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔

ترجمان نے بعض غیر ملکی میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں گمراہ کن ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان نے امریکا کو ایسے معدنیاتی یا ریئر ارتھ نمونے دکھائے جو چین کے منصوبوں سے منسلک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ افواہیں پاک-چین دوستی کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں، لیکن دونوں ممالک کے تعلقات ماضی کی طرح مضبوط اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چین کے حالیہ ریئر ارتھ ایکسپورٹ کنٹرول کے اقدامات پاکستان سے متعلق نہیں بلکہ یہ فیصلہ چین کے اندرونی تجارتی و قانونی اصلاحاتی عمل کا حصہ ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق، پاکستان اور چین "سدا بہار اسٹریٹیجک پارٹنر” ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے۔