لاہور( رپورٹ:محمد قیصر چوہان ) آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 ممکنہ طور پر 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا۔میگا ایونٹ مشترکہ طور پر بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا،بھارت کے پانچ اور سری لنکا کے دو وینیوز پر مقابلے ہوں گے۔فائنل بھارتی شہر احمدآباد میں کھیلا جائے گا تاہم پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں20ٹیمیں شرکت کریں گی۔جس میں بھارت ،سری لنکا ،پاکستان، آسٹریلیا، بنگلا دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز ، نیوزی لینڈ ، افغانستان،نمیبیا، زمبابوے، آئرلینڈ، کینیڈا، اٹلی، نیدرلینڈز، نیپال، عمان، امریکا اورمتحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لیں گی ،جبکہ اٹلی پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کر ے گا۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میگا ایونٹ کا شیڈول فائنل کر کے شریک ممالک کو اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔میگا ایونٹ میں تمام 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 5 ٹیمیں ہوں گی اور ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر 4 ٹیموں سے میچز کھیلے گی۔جس کے بعد ہر گروپ کی 2 بہترین ٹیمیں ’سپر 8‘ مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں انہیں پہلے سے طے شدہ درجہ بندی کے مطابق 2 گروپس (4،4 ٹیموں پر مشتمل) میں تقسیم کیا جائے گا۔سپر 8 کے ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی اور سیمی فائنل کے فاتح ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔واضح رہے کہ سری لنکا نے اس سے قبل 2012 اور بھارت نے 2016 میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے فرائض انجام دیے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos