ڈھاکا: بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ ہفتے کی دوپہر تقریباً دو بج کر تیس منٹ پر گیٹ نمبر آٹھ کے قریب لگی۔ واقعے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
فائر سروس کے ترجمان طلحہ بن جاشم کے مطابق ابتدا میں نو فائر فائٹنگ یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچے، جبکہ بعد ازاں مزید پندرہ یونٹس کو طلب کیا گیا۔ فائر سروس اینڈ سول ڈیفنس کے مطابق اب مجموعی طور پر 28 یونٹس آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
ترجمان ڈھاکا ایئرپورٹ نے بتایا کہ تمام طیارے محفوظ ہیں اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ حکام نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ISPR) بنگلادیش کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی، فائر سروس، ایئر فورس اور بارڈر گارڈ بنگلادیش کی ٹیمیں مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں تاکہ ائیرپورٹ کے اندر اور اطراف میں مکمل سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
حکام نے مزید بتایا کہ صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، اور جیسے ہی مکمل معلومات دستیاب ہوں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos