اسرائیل کا رفح بارڈر تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا اعلان

اسرائیل نے غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر کو تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رفح کراسنگ کی بندش کا فیصلہ حماس کے طرزِ عمل اور اسرائیلی مغویوں کی لاشوں کی واپسی کے عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق، حماس کی جانب سے طے شدہ فریم ورک پر مکمل عمل درآمد ہونے کے بعد ہی رفح بارڈر کھولنے پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ مزید دو یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرے گی۔

اسی دوران اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔ اسرائیلی فضائی حملے میں جنوبی لبنان کے ضلع طائر میں ایک شخص شہید ہوگیا۔ اس سے قبل ایک اور فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جن میں 7 بچے اور 3 خواتین شامل تھیں شہید ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیلی حملوں میں غزہ اور لبنان میں درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔