واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کو ”غیر قانونی منشیات کا رہنما“ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکا کولمبیا کو دی جانے والی ”بڑے پیمانے کی مالی ادائیگیاں اور سبسڈیز“ فوری طور پر ختم کر دے گا۔
اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ”منشیات کی اس پیداوار کا مقصد ان کی بڑی مقدار کو امریکا میں فروخت کرنا ہے، جس سے موت، تباہی اور انتشار پھیل رہا ہے۔“
برطانوی خبر رساں ادارےکے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ٹرمپ کن مخصوص ادائیگیوں کا ذکر کر رہے تھے۔ کولمبیا ماضی میں مغربی نصف کرے میں امریکا کی سب سے زیادہ امداد حاصل کرنے والا ملک رہا ہے تاہم اس سال امریکی ادارہ یو ایس ایڈ جو واشنگٹن کی انسانی ہمدردی کی معاون تنظیم ہے، اس کے بند ہونے کے بعد امداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
واشنگٹن ڈی سی میں واقع کولمبیا کے سفارت خانے نے صدر ٹرمپ کے اس بیان پر کوئی فوری کوئی ردِعمل نہیں دیا جب کہ امریکی محکمہ خارجہ نے سوالات وائٹ ہاؤس کی جانب بھیج دیے لیکن وہاں سے بھی تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔
صدر ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد سے بگوٹا اور واشنگٹن کے تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ ماہ امریکا نے صدر پیٹرو کا ویزا منسوخ کر دیا تھا، جب وہ نیویارک میں ایک فلسطین نواز مظاہرے میں شریک ہوئے اور مبینہ طور پر امریکی فوجیوں کو ٹرمپ کے احکامات نہ ماننے کی ترغیب دی تھی۔
گزشتہ سال پیٹرو نے وعدہ کیا تھا کہ کولمبیا کے کوکا کی کاشت والے علاقوں کو سماجی اور فوجی اقدامات کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا، مگر اب تک اس منصوبے کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos