امریکا میں ایمیزون ویب سروسز (AWS) میں تکنیکی خرابی کے باعث 2 ہزار سے زائد ویب سائٹس متاثر ہو گئیں، جن میں بینکنگ پلیٹ فارمز اور موبائل ایپس بھی شامل ہیں۔ اس خرابی کے نتیجے میں، رابن ہڈ اور وینمو جیسے پلیٹ فارمز کی سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق، یہ مسئلہ پیر کی صبح شروع ہوا تھا اور اس کا تعلق ایمیزون ویب سروسز کے سسٹم میں خرابی سے ہے۔ ایمیزون کے ترجمان نے کہا ہے کہ ”ہم اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور وجوہات کی تلاش جاری ہے، جبکہ امریکہ کے مشرقی حصے سے منسلک دنیا بھر میں سروسز متاثر ہو سکتی ہیں۔“
ایمیزون کی تمام پروڈکٹس جیسے ایمیزون پرائم ویڈیو، ایلیکسا، ایمیزون میوزک اور کینوا سمیت متعدد ویب سائٹس اور ایپس متاثر ہوئیں۔ اس کے علاوہ، بینک آف اسکاٹ لینڈ، ایپک گیمز اسٹور، فلیکر، فورتنائٹ، زوم، اور ہنگ سمیت درجنوں سروسز بھی اس خرابی سے متاثر ہوئیں۔
برطانیہ کی حکومت کی ویب سروسز، جو حکومتی پورٹل گورنمنٹ گیٹ وے کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، جیسے ایچ ایم آر سی (HMRC) اور یونیورسل کریڈٹ کی خدمات بھی بند ہو گئی ہیں۔
ایمازون کا کہنا ہے “سسٹم بحالی کے آثار ہیں” لیکن مزید سائٹس بھی متاثر ہونے لگی ہیں۔ خرابی کا آغاز صبح تقریباً 4 بجے (امریکی مشرقی وقت) پر ہوا، جب سب سے پہلے اسنیپ چیٹ اور ڈیولنگو متاثر ہوئیں۔ کچھ ہی دیر بعد یہ مسئلہ پھیل گیا اور بینکوں کی ایپس، میسجنگ سروسز جیسے سگنل (Signal) اور گیمز جیسے فورٹ نائٹ بھی اس کا شکار ہوگئیں۔
ایمازون کے انجینئرز نے فوری طور پر کام شروع کر دیا، تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مسئلہ مکمل طور پر حل نہیں ہوسکا۔
اگرچہ کچھ ویب سائٹس نے کام کرنا شروع کر دیا ہے، مگر خرابی کے دائرے میں اب ریڈٹ اور اسٹار بکس (Starbucks) جیسی مزید سروسز بھی آگئی ہیں۔
ایمازون ویب سروسز دنیا کی سب سے بڑی کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی ہے، جو لاکھوں ایپس، ویب سائٹس، اور آن لائن گیمز کے ڈیٹا سینٹرز چلاتی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos