نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار،لاہور دوسرے نمبر پر

نئی دہلی/لاہور، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جب کہ لاہور بھی خطرناک حد تک فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔

بین الاقوامی ماحولیاتی رپورٹوں کے مطابق، بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران کی جانے والی شدید آتش بازی کے باعث نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ پیر کے روز دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 772 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔

فضائی آلودگی کی یہ شدید لہر پاکستان میں بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔ خاص طور پر لاہور شہر اس وقت دنیا کے دوسرے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو چکا ہے۔ صبح کے وقت لاہور کا AQI 245 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ دن بھر میں یہ انڈیکس 210 سے 240 کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والی ہوائیں، خاص طور پر دھرمشالہ سے گزرنے والی فضا، گجرانوالہ کے راستے لاہور اور فیصل آباد کی جانب بڑھ رہی ہیں، جس سے پنجاب کے کئی علاقے شدید اسموگ اور دھند کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے اس صورتِ حال کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں، جیسے کہ ماسک کا استعمال، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز، اور کمزور افراد کے لیے خاص طور پر احتیاط برتنا۔

ادارہ برائے تحفظ ماحولیات پاکستان کے مطابق، 0 سے 100 تک ایئر کوالٹی انڈیکس محفوظ تصور کیا جاتا ہے، 101 سے 200 درمیانے درجے کی آلودگی، 201 سے 300 خطرناک، جب کہ 300 سے زائد انتہائی مضرِ صحت سطح شمار ہوتی ہے۔ 500 سے اوپر AQI، شدید آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے جو صحت مند افراد کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔